لاہور:پی ٹی آئی نے مینار پاکستان (لاہور) میں 8 فروری کو جلسے کی اجازت نہ ملنے پر متبادل منصوبہ تیار کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو مینارِ پاکستان پر جلسہ منعقد کرنے کے لیے درخواست دی ہے، تاہم اگر حکومت نے اجازت نہ دی تو پارٹی نے پلان بی تیار کر لیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ مینارِ پاکستان کے علاوہ کسی اور مقام پر جلسہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر اجازت نہ ملی تو پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا۔
پارٹی کی حکمتِ عملی کے تحت لاہور کے تمام حلقوں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اہم مقامات پر احتجاج کے لیے جن اہم مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، ان میں لبرٹی چوک، آزادی چوک اور مال روڈ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کو اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ اگر حکومت جلسے کی اجازت نہیں دیتی تو اس سے ہمارا احتجاج مزید مؤثر اور کامیاب ہو جائے گا۔