لاہو ر ( نمائندہ جسارت ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے عوام کو روٹی کپڑا مکان، ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے اور مدینہ کی ریاست کے نام پر دھوکہ دیا۔ عوام سراب کے پیچھے نہ بھاگیں، مسلط حکمران طبقہ سالہا سال سے جھوٹے وعدے کررہا ہے، انہوں نے مل کر ملک تباہ کردیا۔ اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے، جماعت
اسلامی نے جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں بہترین امت قرار دیا ہے، اس سے قبل یہ مرتبہ بنی اسرائیل کے پاس تھے، ہم وہ امت ہیں جو لوگوں کو نیکی طرف بلاتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں، ہمارا کام صرف محنت کرنا ہے، اگر ہم محنت جاری رکھیں گے اور بہترین انسان تیار کریں گے تو اللہ تعالی ہمیں انعام میں تاج شاہی عطا کرے گا، یہ اللہ تعالی کا وعدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا آئین اور ارکان سے اس کا نظم تشکیل پاتا ہے، ہر فرد جو جماعت کا حصہ ہے وہ نظم جماعت کا پابند ہے، جماعت کا رکن جماعت کا مالک ہے اور اس کے ذمہ معاشرہ میں تبدیلی کی جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تذکیہ نفس پر توجہ دیتی ہے، ہم انسانوں کی دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے محنت کرتے ہیں، جماعت اسلامی اور دیگر پارٹیوں میں فرق ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں کرپٹ اور فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ تربیت گاہ میں سوات سے آئے ہوئے افراد شریک تھے۔