کراچی (کامرس رپورٹر) ٹک ٹاک نے پاکستان میں کری ایٹرز ایوارڈز2024ء کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔یہ ایونٹ، جس کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے،ٹک ٹاک کمیونٹی کی تخلیقی صلاحیتوں، ٹیلنٹ اور جذبے کا جشن مناتا ہے، بہترین کری ایکٹرز کو سامنے لاتا ہے جو پلیٹ فارم پر ناظرین کو متاثر اور مشغول رکھتے ہیں۔پاکستانی صارفین ٹک ٹاک پر اپنے پسندیدہ نامزد کری ایٹرز کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ اس میں حصہ لینے کے لیے صارفین ٹک ٹاک پر مخصوص ووٹنگ ہب تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں جہاں وہ ہر کیٹگری میں اپنے پسندیدہ نامزد کری ایٹر کا انتخاب کرسکتے ہیں اور اس کے حق میں اپنا ووٹ رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ شرکت کرنے والے صارفین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ ووٹنگ کے بعد، وہ اپنے پسندیدہ کری ایٹر کے لیے زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی غرض سے دوستوں کے ساتھ اپنے انتخاب کا اشتراک کریں۔ ووٹنگ کی مدت 10 فروری، 2025 ء کو رات 11 بجکر 59 منٹ پر ختم ہوگی۔ٹک ٹاک ایوارڈز 2024ء میں مختلف کیٹگریز میں غیر معمولی کانٹنٹ تخلیق کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اس سال کے نامزد افراد کا انتخاب اُن کی تخلیقی صلاحیتوں، کانٹنٹ کے اصل ہونے اور ٹک ٹاک کمیونٹی پر اس کے اثرات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔