سکھرمیں یوم یکجہتی کشمیر جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا

21

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے کیساتھ بھرپور طور پر منایا گیا منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ، سیاسی سماجی مذہبی تنظیموں تجارتی انجمنوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں، میونسپل اسٹیڈیم سکھر سے پریس کلب سکھر تک ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی صوبیہ فلک، اسسٹنٹ کمشنر وسیم احمد، میونسپل کمشنر سکھر، ڈائریکٹر ایجوکیشن سکھر سمیت مختلف محکموں کے افسران، این جی اوز، طلبہ، سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر ظلم کر رہا ہے جو ان شاء اللہ جلد ختم ہو گا اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرایا۔ سکھر اسمال ٹریڈرز اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی یوم کشمیر کے حوالے سے عظیم الشان ریلی جس کی قیادت سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر، ایس ڈی اے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کی۔ریلی میں سکھر اسمال ٹریڈرز، ایس ڈی اے رہنمائوں حاجی غلام شبیر بھٹو، محمد عامر فاروق، علامہ نور احمد قاسمی، آغا طاہر مغل، بابو فاروقی، محمد منیر میمن، شہزادو بھٹو، عبدالباری انصاری، ڈاکٹر سعید اعوان، آغا محمد اکرم درانی، راشد صدیقی، محمد عرفان، محمد اکرم، عتیق اللہ سومرو، کیلاش، خالد سومرو، امان اللہ بھٹی، یونس بندھانی اور محمد ناظم و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن اور دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ظلم آخر ظلم ہے کشمیریوں پر ظلم ان کے صبر کو آزما رہا ہے وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان بنے گا، اقوام متحدہ اور دیگر بااثر ریاستوں کی کشمیریوں پر ظلم پر خاموشی لمحہ فکر ہے ، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی قرارداد پر عملدرآمد کرائیں، بھارت اس وقت دنیا سب سے بڑا دہشتگرد بن چکا ہے۔ پاکستان سنی تحریک سکھر کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بیگم نصرت بھٹو وومن یونیورسٹی سکھر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ منگن، وائس چانسلر نے کی۔