اسرائیل کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

102

جنیوا: اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (UNHRC) میں مزید شرکت نہیں کرے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے UNHRC پر اسرائیل کے خلاف تعصب برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے ساتھ شامل ہو کر اس کونسل میں مزید حصہ نہیں لے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ترجمان پاسکل سم نے اسرائیل کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مبصر ریاست کے طور پر کونسل میں شامل ہے اور چونکہ وہ رکن نہیں ہے اس لیے وہ اس سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔

خیال رہےکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 رکن ممالک پر مشتمل ہے، جنہیں دیگر رکن ممالک چار سالہ مدت کے لیے منتخب کرتے ہیں، فی الحال امریکا بھی اس کونسل کا رکن نہیں ہے۔

واضح رہےکہ  اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینون نے بھی کونسل پر “اخلاقی ناکامی” کا الزام لگایا ہے جبکہ  اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے مقبوضہ فلسطینی علاقہ، فرانسسکا البانیز نے اسرائیل کے اس فیصلے کو “انتہائی سنگین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے رویے کو دنیا کے سامنے واضح کر رہا ہے کہ وہ کسی بھی احتساب کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔