ضیا عباس اخلاق کے باعث ہمارے دلوں میں رہیں گے:محمد توفیق

93

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) دیانت داری سے فرائض انجام دینے والے سرکاری افسران اپنے ساتھیوں کے دلوں میں ہمیشہ رہتے ہیں،ضیاعباس بھی محکمہ کھیل کے ایسے ہی افسر تھے جنہوں نے اپنی پوری سروس میں لوگوں کے دلوں پر راج کیا ہے۔ان خیالات کا اظہارایڈیشنل سیکریٹری اسپورٹس محمد توفیق نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے محکمہ کھیل کے ڈپٹی سیکریٹری محمد ضیا عباس کی ریٹائرمنٹ پر محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ان کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد کی گئی اور ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایس او اسپورٹس علی ڈنو گوپانگ،مہتاب احمد کھوکھر،سراج الاسلام،فرزند علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی افسر کی سب سے بڑی خوبی لوگوں سے اور خاص طور پر اپنے ماتحت افراد سے اس کا میل ملاپ،اخلاق اور رویہ ہوتا ہے جو اس کے جانے کے بعد بھی اس کی محبت میں اضافہ کرتا رہتا ہے،ہمیں خوشی اور فخر ہے کہ ہم نے محمد ضیا عباس کے ساتھ نا صرف کام کیا بلکہ ان سے بہت کچھ سیکھا ہے،ایس او علی ڈنو گوپانگ کا کہنا تھا کہ ضیا عباس سب سے مروت اورا خلاق سے پیش آتے تھے، خاص طور پر جونیئرز کے ساتھ ان کا برتاؤ بہت محبت والا تھا،میں نے بھی ان سے محکمہ جاتی اسرار ورموز سیکھے ہیں جو میری سروس لائف میں بہت کام آتے ہیں ،محمد ضیا عباس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں ریٹائر ہو کر ضرور جا رہا ہوں لیکن میرا دل اور میری روح یہاں اپنے دیرینہ ساتھیوں کے پاس ہی رہے گا جن کے ساتھ میں نے برسوں زمانے کے گرم سرد جھیلے ہیں،میں اپنے افسران اور اپنے ماتحت اسٹاف کی محبتوں کا ہمیشہ مقروض رہوں گا۔