کوشش ہے فیفا ورلڈکپ میں پاکستانی فٹبال استعمال ہو،سعدیہ خان

68

جدہ(اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان قونصلیٹ جدہ میں ٹریڈ اینڈ انویسمنٹ قونصلر سعدیہ خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی کوشش کریں گے کہ سعودی عرب میں ہونے والے فیفا ورڈ کپ میں میڈ اِن پاکستان فٹبال استعمال ہوسکے۔جدہ میں ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ خان نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی فیفا ورلڈ کپ میں ایڈیڈاس کو پاکستان نے فٹبال بنا کر دیے تھے۔ ہماری کوالٹی اتنی اچھی ہے کہ پاکستان میڈ فٹبال کو ترجیح دی گئی، ہمارے پاس سکِلز ہے، ٹیکنالوجی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ضرور دیکھنا چاہیں گے کہ سعودی عرب میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2034میں میڈ اِن پاکستان فٹبال استعمال کی جائے۔ اگر یہ ہوجائے تو اس سے زیادہ خوشی کی بات کیا ہوگی۔ سعدیہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ میڈ اِن پاکستان ایگزیبیشن کے ذریعے اپنی نئی پراڈکٹس کو یہاں لانچ کرسکیں۔ جب ایگزیبیشن پلان کر رہے تھے تب سعودی عرب کو فیفا فٹبال ورلڈ کپ، ایشین گیمز اور ایکسپو کی میزبانی ملنے کی بات ہو رہی تھی۔جدہ ایگزبیشن میں 35 سے زیادہ کمپنیاں اسپورٹس گڈ اور ویئر لے کر آ رہی ہیں۔ اس کا مقصد یہی ہے کہ ایشین گیمز اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے ہم اپنی پراڈکٹس کی برینڈنگ کر سکیں۔