بھارت ، کرناٹک میں گائے چوری کرنے پر سر عام گولی مارنے کا عندیہ

78

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک میں گائے چوری کے بڑھتے واقعات پر حکومت نے گائے چوروں کو سرعام گولی مارنے پر غور شروع کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع اتراکنڑ میں آئے روز گائے کی چوری کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں جس کے باعث گائے کے مالکان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ چوری کے بڑھتے واقعات کا مسئلہ اس قدر سنگین ہوگیا ہے کہ ریاستی وزیر وزیر منکل ایس ودیا نے چور کو سرعام گولی مارنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے واقعات ضلع میں دوبارہ ہوئے تو وہ گائے چوری کرنے والے ملزمان کو بیچ سڑک پر گولی مارنے کا حکم دے دیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ جب تک ریاست میں بی جے پی اقتدار میں تھی تو کسی کو گائے چوری کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ جب سے کانگریس حکومت میں آئی ہے ،چوروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ واضح رہے کہ مودی سرکار نے گئو رکھشا کے نام پر مسلمانوں پرزمین تنگ کررکھی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ 2015 ء سے 2018 ء کے درمیان کم ازکم 44 افراد کو گئو رکھشا کا الزام لگا کر شہید کیا جاچکا ہے۔ مودی کے بھارت میں اقلیتیں بالخصوص مسلمان انتہائی غیر محفوظ اور خوف میں مبتلا رہتے ہیں۔ آئے روز بھارت میں انتہا پسند بی جے پی مسلمانوں کیخلاف پرتشددکارروائیوں کے لیے تیار رہتی ہے۔مسلمانوں پر مختلف حیلے بہانوں سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں جس میں اہم ترین گئو رکھشا کے نام پر مسلمانوں پر بدترین ظلم ہے۔