ٹی ایم سی شاہ لطیف ٹاون کی من مانیاں،چئیرمینز پریشان

129
حیدر آباد: جماعت اسلامی کے منتخب یوسی 124 چیئر مین آفاق نصر و دیگر پریس کلب میں کانفرنس کر رہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے یونین کمیٹی 124ٹاﺅن لطیف آباد کے چیئرمین آفاق نصر نے وائس چیئرمین نوید مغل، کونسلرز احمد فاروق، راشداعوان، طلحہ علی خان اور سلمان خان کے ساتھ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ٹی ایم سی شاہ لطیف ٹاﺅن گزشتہ ڈیڑھ سالوں سے من مانیاں کرتے آرہے ہیں اور ٹیکس کا پیسہ کہاں خرچ کررہے ،کسی کو کچھ نہیں معلوم، ٹاﺅن کو بغیر کمیٹیوں کے چلایا جارہا ہے، ٹاﺅن کی فنانس کمیٹی کی عدم موجودگی میں ٹاﺅن کے فنانس کے معاملات کیسے چل رہا ہے۔ ٹی ایم سی چند ہاتھوں میں یرغمال ہیں وہ یوسی چیئرمینز کو اعتماد میں کیوں نہیں لیتے ۔انہوں نے کہاکہ ٹاﺅن کے ماہانہ اجلاس نہیں ہوتے اب تک صرف تین اجلاس ہوئے ہیں ،آڈٹ رپورٹ تک نہیں دی جاتی اور نہ ہی کاموں کی تفصیلات کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر
ٹی ایم سی شاہ لطیف آباد ٹاﺅن نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو ہم قانون اور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ شاہ لطیف ٹاﺅن کی کل 18یونین کمیٹیوں میں 15کا تعلق پی ٹی آ ئی سے ہے ،ہماری اس آواز میں دیگر چیئرمینز کی آواز بھی شامل ہے تاہم وہ کسی مصلحت کی وجہ سے خاموش ہیں ،وقت آنے پر وہ بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شامل ہونگے اور ہم یونین کمیٹی 124کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔