لاہور(وقائع نگارخصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے نظریے اور بیا نیے کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کے اند رفارم47کی حکومت قائم ہے جو کہ عوامی میندیٹ کی توہین ہے۔ ہم عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھا رہے ہیں۔آج بھی غریب کے حقوق کی خاطر سٹرکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ملک میں اصل اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے۔ ہم نوجوانوں کے لئے ہر شہر میں بنو قابل پروگرام شروع کر رہے ہیں جن سے انہیں اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ خود کفیل ہو جائیں گئے اور دنیا میں فری لانسنگ کر سکیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف عوامی وفود اور گوجرانوالہ میں بنوقابل پروگرام کے آغاز پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوان نسل کو آئی ٹی کی تربیت دیکر بے روزگاری سے نمٹا جا سکتا ہے۔ ملک و قوم اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہیں،حکمرانوں کی توجہ ایسے ایشوز پرمرکوز ہو کر رہ گئی ہے جن کا عوام سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدود کو عبور کر لیا ہے۔عوام گھریلو اشیاء فروخت کرکے بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مخدوش ملکی حالات اور بہتر مستقبل کی خاطرہر سال دس لاکھ افراد ملک چھوڑ کر باہر جا رہے ہیں۔ داخلی انتشار، افراتفری، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی مسلسل باریوں اور تحریک انصاف کے ناکام تجربے نے عوام کا ذہنی سکون چھین لیاہے۔لوگوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔انتقامی سیاست نے معاشرتی تفریق کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورا نظام ہی کرپشن کی نذر ہو چکا ہے۔مافیا نے سسٹم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی چینی مافیا، پٹرول مافیا،اجناس مافیا، لینڈ مافیا اورفارماسو ٹیکل مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیتا ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے، کرپشن کی اس بہتی گنگا میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے برابر کا حصہ ڈالا ہے۔محمد جادید قصوری نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی، سمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا۔ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، چینی، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ان کی کارکردگی دعووں، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات تک محدود ہے۔