غزہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کا مغربی کنارے میں جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک نوجوان اور معمر شخص کو شہید کردیا جبکہ جنین کیمپ میں 23 گھروں کو دھماکے سے تباہ کردیا، دھماکوں سے جنین کے سرکاری ہسپتال کوبھی شدید نقصان پہنچا۔
میڈیا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد مغربی کنارے میں اب تک صیہونی فورسز کے حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیلی فوج نے جنین آپریشن میں 15 ہزار فلسطینیوں کو زبردستی بے گھر کردیا۔ دوسری جانب حماس کا اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں پر ردعمل میں کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں گھروں کو تباہ کرنا جنگ جاری رکھنے کا ثبوت ہے، اسرائیل کی بڑھتی کارروائیاں مجرمانہ اقدام کی عکاسی کرتی ہیں نیز عالمی برادری کی خاموشی اسرائیلی جنگی جرائم کو جاری رکھنے کا جواز فراہم کررہی ہیں۔