پیکا ایکٹ اور 26 ویں ترمیم جعلی حکمرانوں کے گلے پڑیں گے: بیرسٹر سیف

169
not canceled but postponed

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ 26 ویں ترمیم اور پیکا ایکٹ جعلی حکمرانوں کے گلے پڑیں گے۔

اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ جعلی حکومت جعلی اور نامکمل پارلیمنٹ سے کالے قوانین پاس کر رہی ہے، جعلی حکومت کالے قوانین کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ 8 فروری کو پیکا ایکٹ اور 26ویں ترمیم سمیت تمام غیر قانونی ہتھکنڈوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی، 26 ویں ترمیم اور پیکا ایکٹ جعلی حکمرانوں کے گلے پڑیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو فارم 47 کا استعمال کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا تھا، پیکا ایکٹ اور 26ویں ترمیم 8 فروری کے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کو تحفظ دینے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری سمیت ہر شعبے اور مکتبۂ فکر کو 8 فروری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے، 8 فروری ملک کو مینڈیٹ چوروں کے چنگل سے آزاد کرانے کے عہد کا دن ہے۔