سندھ کابینہ نے تحفظات کے ساتھ ایگریکلچر انکم ٹیکس کی منظوری دیدی

154

کراچی: سندھ کابینہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پر ایگریکلچر انکم ٹیکس بل 2025 کو تحفظات کے ساتھ منظور کر لیا ہے۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ایگریکلچر انکم ٹیکس بل جنوری 2025 سے نافذ ہو گا ،صوبائی حکومت نے ایگریکلچر انکم ٹیکس میں لائیو اسٹاک کو شامل نہیں کیا ہے۔ 

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایگریکلچر انکم ٹیکس بورڈ آف ریونیو کے بجائے سندھ ریونیو بورڈ وصول کرے گا اور قدرتی آفات کی صورت میں ایگریکلچر انکم ٹیکس میں ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ آباد اراضی چھپانے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ چھوٹی کمپنیوں پر زرعی ٹیکس 20 فیصد اور بڑی کمپنیوں پر 28 فیصد لاگو ہو گا۔

 زرعی آمدنی پر ٹیکس کی شرحیں مختلف سلیبز کے مطابق ہوں گی۔ 20 کروڑ روپے سے 25 کروڑ روپے تک زرعی آمدنی پر 2 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ 25 کروڑ روپے سے 30 کروڑ روپے تک آمدنی پر 3 فیصد ٹیکس ہوگا۔ 

اسی طرح 30 کروڑ روپے سے 35 کروڑ روپے تک زرعی آمدنی پر 4 فیصد ٹیکس 35 کروڑ روپے سے 40 کروڑ روپے تک زرعی آمدنی پر 6 فیصد ٹیکس اور 40 کروڑ روپے سے 50 کروڑ روپے تک آمدنی پر 8 فیصد ٹیکس لگے گا۔

اس کے علاوہ اگر زرعی آمدنی 50 کروڑ روپے سے زائد ہو تو 10 فیصد ایگریکلچر انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا اور زیادہ آمدنی والے زمینداروں پر سپر ٹیکس بھی عائد کیا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق زرعی آمدنی اگر 6 لاکھ روپے سالانہ تک ہو تو اس پر ٹیکس نہیں لگے گا اور 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر 15 فیصد ٹیکس ہوگا۔