اسلام آباد(خبرایجنسیاں) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کے قیام کے لیے اسلام آباد میں ہونے والا جرگہ خوشگوار ماحول میں ختم ہوگیا۔اسلام آباد میں سابق سینیٹر سجاد سید میاں کے گھر پر جرگے کا انعقاد کیا گیا ۔عمائدین سے خطاب میں سجاد سیاد میاں نے کہا کہ قیام امن کے لیے عمائدین کو قریب لانے کی کوشش کی، عوام امن کے لیے ترس رہے ہیں اور قیام امن چاہتے ہیں۔ جرگے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے، قیام امن کے لیے ضروری اقدامات پر بات چیت ہوئی جبکہ ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے پر اتفاق ہوا۔ جرگہ ممبر سید رضا حسین کے مطابق دونوں فریقین کے عمائدین کے جرگے کی دوسری نشست آج پشاور میں ہوگی۔واضح رہے کہ کرم میں فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں کے باعث 4 ماہ سے آمدورفت کے راستے بند ہیں، راستوں کی بندش کے باعث 5 لاکھ آبادی علاقے میں محصور ہے۔