کیلی فورنیا: اوپن اے آئی نے ایک نیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ماڈل “O3 Mini” مفت جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی اپنی پراڈکٹس لانچ کرنے کی رفتار کو تیز کر رہی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب چینی کمپنی ڈیپ سیک (DeepSeek) اے آئی کی دنیا میں ایک بڑا چیلنج بن کر ابھر رہی ہے۔
ڈیپ سیک نے حال ہی میں اپنا AI ماڈل “R1” متعارف کرایا، جس نے امریکی مارکیٹ میں تہلکہ مچا دیا، یہ ماڈل اتنا مقبول ہوا کہ ایپل کے ایپ اسٹور پر مفت ایپس میں نمبر ون بن گیا، اور امریکی اسٹاک مارکیٹ کو 1000 ارب ڈالرز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلان کیا کہ وہ مزید بہتر اور جدید ماڈلز زیادہ تیزی سے پیش کریں گے۔
خیال رہےکہ اوپن اے آئی نے 23 جنوری کو “O3 Mini” کے اجرا کا اعلان کیا تھا، جو کمپنی کے طاقتور ترین ماڈل “O3” کا ایک کم طاقتور مگر موثر ورژن ہے،یہ ماڈل ریاضی، کوڈنگ اور سائنس کے شعبوں میں صارفین کی مدد کرے گا اور پچھلے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ تیز اور کم لاگت پر کام کرے گا۔