کراچی: یخ بستہ ہواؤں کی واپسی سے شہر قائد کا موسم دوبارہ سرد ہوگیا اور گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث صبح کے وقت ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں فرق دیکھا گیا، جس کے مطابق جناح ٹرمینل پر9.7 ڈگری سینٹی گریڈ، گلستانِ جوہر میں 12.3 ڈگری سینٹی گریڈ، ماڑی پور میں 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور شاہراہ فیصل پر 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں آئندہ دنوں موسم خشک اور راتیں خنک رہنے کا امکان ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 تا 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کی توقع ہے۔
شہر میں ہوائیں شمال مشرقی سمت سے چلتی رہیں گی جب کہ وسطی اور بالائی اضلاع میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ ماہرین نے کراچی کے شہریوں کو آئندہ چند دنوں تک سردی سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔