ایک 100 میٹر وسیع سیارچے کے زمین سے ٹکرانے کا مستقبل قریب میں امکان

130

ایک 100 میٹر وسیع سیارچے نے عالمی خلائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا ہے۔

اس سیارچے کے 2032 میں زمین سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد دنیا بھر کے سائنسدانوں نے اس پر گہری نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔

اس سیارچے کو پہلی بار دسمبر 2024 میں چلی کی ایک ٹیلی اسکوپ نے دریافت کیا تھا، لیکن اب امریکی اور یورپی خلائی ایجنسیاں اس کو زمین کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دے چکی ہیں۔ ابتدائی تجزیوں کے مطابق اس بات کا صرف 1.3 فیصد امکان ہے کہ یہ سیارچہ 22 دسمبر 2032 کو زمین سے ٹکرا جائے گا، جبکہ 99 فیصد امکان ہے کہ یہ زمین کے قریب سے گزر جائے گا۔

ایڈنبرا یونیورسٹی کے ماہر فلکیات، پروفیسر کولن سنوڈگراس نے اس بارے میں بیان دیا کہ زیادہ امکان ہے کہ یہ سیارچہ زمین کو نقصان پہنچائے بغیر گزر جائے گا، مگر پھر بھی اس کے راستے کی درست پیش گوئی کے لیے اس پر نظر رکھنا ضروری ہے۔

یہ سیارچہ زمین کے لیے خطرے کی فہرست میں کیٹیگری 3 میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ اس کے ٹکرانے کا امکان ایک فیصد یا اس سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں 0 سے لے کر 10 تک کیٹیگریز شامل ہیں، جس میں 10 سب سے زیادہ خطرناک سیارچوں کے لیے مختص ہے۔ اب تک کسی بھی سیارچے کو کیٹیگری 10 میں نہیں رکھا گیا، تاہم ایک مرتبہ سیارچہ Apophis کو کیٹیگری 4 میں شامل کیا گیا تھا، جو 2004 میں عالمی سطح پر خبروں کا حصہ بنا تھا۔

ماہرین کے مطابق، ایسٹرائیڈ 2024 وائے آر 4 کا حجم اتنا بڑا نہیں کہ یہ زمین کو مکمل طور پر تباہ کر سکے، مگر اس سے کسی شہر پر تباہی کا شدید امکان موجود ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر، اقوام متحدہ نے اپنے دو عالمی ایسٹرائیڈ ریسپانس گروپوں کو متحرک کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔