پسندکی شادی موت کاباعث بن گئی، بھائی نے بہن کو قتل کردیا

48

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )بھائی نے پسند کی شادی کرنے والی بہن کو گھر واپس آنے پر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاون تھانے کے علاقے بنارس بخاری کالونی بلال مسجد کے قریب گھر میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 20 سالہ شاہین دختر امین خان کے نام سے کی گئی۔لڑکی نے 17 اگست 2024ء کو گھر سے فرار ہونے کے بعد پسند کی شادی تھی اور جمعرات کی دو پہر ڈیڑھ بجے کے قریب واپس اپنے گھر لوٹی تو اس کے سگے بھائی شہباز ولد امین خان نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔مقتولہ کے اغواء کا مقدمہ ان کے بھائی نے 17 اگست 2024 کو تھانہ اورنگی میں درج کروایا تھا۔پولیس کے مطابق غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے کے بعد بھائی شہباز موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس کو جائے وقوع سے 30بور پستول کے 2 خول ملے ہیں، جنہیں قبضے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔