خیرپور (جسارت نیوز) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر پیٹرول اور گیس کے استعمال، فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف پیٹرولیم ایکٹ اور روینیو ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں مختیار کار وقار سومرو، اسسٹنٹ مختیار کار شیراز پھلپوٹو، انکروچمنٹ انسپکٹر طارق رند سمیت پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ شاہ حسین تھانے کی حد کوڑو گوٹھ کے قریب ایل پی جی وئیر ہائوس پر چھاپہ مارا جہاں مالکان کی جانب سے ایل پی جی گیس میں C.O.2 کی ملاوٹ کی جارہی تھی جس انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہوتی ہے اور آگ لگنے کی صورت میں آگ پر قابو پانا انتہائی مشکل ہوتا ہے اور اس کے دھویں سے مختلف بیماریاں جنم لیتی ہیں انہوں نے بتایا کہ وئیر ہائوس سیل کرکے شاہ حسین پولیس کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کاروائی کے لیے ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ کو رپورٹ ارسال کی گئی ہے ۔