کراچی (مانیترنگ ڈیسک) سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے 40 سے 50 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ تیسری پاکستان کلائمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین نتائج کے حوالے سے پاکستان دنیا کا پانچواں ملک ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلیے
پاکستان کو اپنی ضرورت کا اس وقت صرف 1.8 فیصد حصہ مل رہا ہے۔ شمشاد اختر نے کہا کہ کلائمٹ چینج سے نمٹنے کیلیے عالمی اداروں سے فنڈ حاصل کرنے کیلیے حکومت اقدامات کرے، موسمیاتی چیلنجز کی وجہ سے ملکی جی ڈی پی کا تناسب 3 فیصد گھٹا ہے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں کلائمٹ فنانسنگ کو بڑھانے کیلیے گرین سکوک کا اجراء کیا گیا ہے، گرین فنانسنگ کیلیے بینکاری پروڈکٹس متعارف کرانا اچھا آپشن ہے۔ شمشاد اختر نے مزید کہا کہ سی پیک کی کامیابی کیلیے گرین انرجی پالیسی پر کام کرنا ہوگا۔