دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2024 کے بہترین کرکٹر کا اعزاز بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو دیا۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کی بدولت سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ برائے آئی سی سی مین کرکٹر آف دی ایئر 2024 نام کرلیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ ایوارڈ بمراہ کو تمام فارمیٹس میں مسلسل اور بہترین کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا۔ اس سے قبل جسپریت بمراہ نے آئی سی سی مین ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر 2024 کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔
واضح رہے کہ بمراہ پانچویں بھارتی کرکٹر بنے ہیں جو یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے، اس سے پہلے راہول ڈریوڈ، سچن ٹنڈولکر، روی چندرن اشون، اور ویرات کوہلی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
جسپریت بمراہ نے 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے 8میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، جن میں جنوبی افریقا کے خلاف فائنل میں 2وکٹیں شامل ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بمراہ نے 13 میچز میں 71 وکٹیں حاصل کیں، جو 2024 میں کسی بھی باؤلر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ اس کے ساتھ وہ تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بھارتی فاسٹ بولر بھی بن گئے۔
دیگر اعزازات:
ویمن کرکٹر آف دی ایئر: نیوزی لینڈ کی میلی کیر کو 43 وکٹیں، 14 کیچز اور 651 رنز اسکور کرنے پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر: بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے مین کے ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا، جبکہ ویمن ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی میلی کیر کے نام رہا۔
ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر: مین کے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی اور ویمن ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھارت کی سمرتی مندھانا نے جیتا۔
ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر: سری لنکا کے کمندو میندس اور جنوبی افریقا کی انیری ڈرکسن کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزازات ملے۔
امپائر آف دی ایئر: انگلینڈ کے رچرڈ اللنگ ورتھ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔