قاسم آباد کے پارک تباہ، جھولے ،بیٹھنے کیلیے سیٹ بھی نہیں

100

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد کے پبلک پارک تباہی اور بربادی کا منظر پیش کر رہے ہیں، ہلال احمر پارک، نسیم اپارٹمنٹ پارک، نیو وحدت کالونی، فیز ون اور ٹو کے پارک 35سال میں بھی آباد نہ ہو سکے، گرین بیلٹ علی پیلس سے لے کر سحرش نگر تک تباہی کا شکار ہے، قاسم آباد پارکس میں بچوں کے جھولے، بیٹھنے کی سیٹ بھی نہیں ہیں، عوام کے لیے بنائی گئی تفریح گاہ تباہی کا شکار ہے۔ ایچ ڈی اے کا یہ حال کردیا کہ واسا کے ملازمین کو 10 ماہ سے تنخواہیں دینے کے لیے نہیں ہیں، 35 سال پہلے قاسم آباد کے پارکس کو نقشے میں رکھا گیا لیکن انہیں ایچ ڈی اے افسران فنڈز نہ ہونے کا بتا کر تعمیرات نہ کر پائے، انور ولاز، العباس سوسائٹی کے پارکس کے پلاٹ آج تک آباد نہیں ہوئے، قاسم آباد کے پارکس آباد ہوں تو نوجوان اور بچوں کو تفریح و اسپورٹس سرگرمیاں میسر آ سکیں۔ نیو وحدت کالونی کے پارک پر قائم آر اوز پلانٹ بھی بند ہیں۔ مئیر کاشف شورو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاسم آباد کے تمام پارکس اور گرین بیلٹس آباد کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ یہ بات معروف سماجی شخصیت شاہد سومرو نے نیو وحدت کالونی، نسیم اپارٹمنٹ کے پارک کے پلاٹ پر علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قاسم آباد کے نسیم اپارٹمنٹ اور نیو وحدت کالونی کے خالی پارکس کے پلاٹ پر قاسم آباد کے مکین اب کچرا پھنکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ نقشے کی مدد سے قاسم آباد کے پارکس کا سروے کرے اور قبضوں کے نیچے آنے والے پارکس پلاٹ کو استعمال کرتے ہوئے وہاں پارکس کا تعمیراتی کام شروع کرے تاکہ قاسم آباد کی اسکیم میں شامل پارکس آباد ہوں۔ فیز ٹو قاسم آباد کا پارک بھی کچھ وقت پہلے ہائی کورٹ کے احکامات پر تجاوزات کو تو ختم کیا گیا لیکن آج تک خالی پلاٹ کی صورت میں موجود ہے۔