اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نواز سابق وزیراعظم بنگلا دیش شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد محمد یونس کی قیادت میں بنگلا دیش پاکستان کے قریب ہو گیا جس سے بھارت میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جبکہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان اعلیٰ سطح کے فوجی وفد کے دوروں سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ فوجی اور خفیہ ایجنسی کے حکام کے دورہ بنگلادیش سے نئی دہلی الرٹ ہوگیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ہم ملک اور خطے میں ہونے والی تمام
پیش رفت کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی سے متعلق تمام سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں اور حکومت مناسب اقدامات کرے گی۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعہ کو بنگلا دیش کا اپنا 3 روزہ دورہ مکمل کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ دورہ بنگلا دیش کے اعلیٰ فوجی حکام کے حالیہ دورہ پاکستان کے بعد کیا گیا ہے جہاں بنگلا دیش کے وفد نے پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہوں سے ملاقات کی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد محمد یونس کی قیادت میں بنگلا دیش پاکستان کے قریب ہوگیا ہے جس سے بھارت میں تشویش پائی جاتی ہے۔