یونان میں 2 ہزار سال قدیم سنگِ مرمر کا ایک مجسمہ کچرے کے بیگ سے دریافت کیا گیا ۔
یہ غیر معمولی واقعہ یونان کے شہر تھیسالونیکی میں پیش آیا جہاں 2 ہزار سے زائد پرانے ایک خاتون کے سنگ مر مر کے مجسمے کو کچرے کے بیگ میں برآمد کیا گیا ہے۔
یہ مجسمہ 31 انچ کا تھا، تاہم اس کا سر غائب تھا۔ مجسمے کو کچرے سے نکال کر مقامی حکام کے حوالے کرنے والے شخص نے اس کی اطلاع دی تھی۔
حکام نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ سے رابطہ کر کے مجسمے کا تجزیہ کروایا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ مجسمہ ہیلینسٹک دور کا ہے، جو تقریباً 320 سے 30 قبل مسیح تک کا ہے۔
قدیم ورثے سے مالا مال اس ملک میں اکثر عمارتوں کی تعمیر یا دیگر منصوبوں کے دوران تاریخی اور قدیم آثار دریافت ہوتے ہیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کیا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ قیمتی مجسمہ کس نے کچرے میں پھینکا۔ ابتدائی طور پر پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا تھا، تاہم بعد میں اسے رہا کر دیا گیا۔