پھلوں اور سبزیوں کو خشک کرنے والے جدید پلانٹ کا افتتاح

60

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سافکو اور دیگر مقامی و بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے پھلوں اور سبزیوں کو خشک کرنے والے جدید پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ یوتھ ڈویلپمنٹ پرائم منسٹر پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود، پی پی اے ایف کے سربراہ نادر علی بڑیچ، آئی ٹی سی کے صوبائی چیف رضوان طارق، سی ایف سی او کے چیف سلیمان جے ابڑو اور دیگر نے مشترکہ طور پر پورٹ قاسم میں ویکیوم چیمبر اور ڈی ہائیڈریشن یونٹ کا افتتاح کیا۔ برآمدی تجارت کے لیے پھلوں اور سبزیوں کو خشک کرنے کا پلانٹ پرفیکٹ فوڈ انڈسٹری نے گریسپ پراجیکٹ کے تحت 6 کروڑ روپے کی لاگت سے لگایا ہے جس کے لیے سافکو کی جانب سے 3 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ دیہی زرعی کاروبار کو سپورٹ کرنے کے لیے سافکو، پی پی اے ایف، آئی ٹی سی اور یورپی یونین کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جن کی ایک مثال پورٹ قاسم میں قائم کیا گیا ویکیوم چیمبر اور ڈی ہائیڈریشن یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی سہولیات اور علاقائی تعاون کے اشتراک سے سرانجام دیے جانے والے شاندار کام کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، دیگر نوجوانوں کو بھی آگے بڑھ کر ان گنت مواقع سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔