حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کمیونسٹ پارٹی ضلع حیدرآباد کے سیکرٹری کامریڈ اقبال نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے حالیہ پریس کانفرنس خوش آئند ہے لیکن پریس کانفرنس میں شاہراہ ٹنڈو محمد خان کا ذکر نہ ہونا سوالیہ نشان ہے، کئی اضلاع کو ملانے والی مصروف ترین شاہراہ بے یارو مددگار ہے، شاہراہ کے دونوں اطراف ہیوی سولر لیمپ پوسٹ نصب ہیں نہ سائن بورڈ، نہ یو ٹرن، نہ ہی فلائی اوورز ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔ کامریڈ اقبال نے کہا کہ شاہراہ ٹنڈو محمد خان کی حدود تک شاہراہ کے دونوں اطراف بڑی بڑی آبادیاں ہیں، بہترین کارپیٹ کے باعث بڑی، چھوٹی ٹرانسپورٹ آبادیوں کا خیال کیے بغیر تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئے دن حادثات رونما ہو رہے ہیں، سائٹ ایریا کے سب سے بڑے تاریخی ذیل پاک ماڈل اسکول میں طلبہ و طالبات ہمیشہ خطرات کو منہ دیتے رہتے ہیں، رات کی تاریکی میں شاہراہ موت کے کنویں کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ کامریڈ اقبال نے میئر اور ڈپٹی کمشنر سے پرزور مطالبہ کیا کہ شاہراہ ٹنڈو محمد خان کا بھی ترقیاتی کاموں کی فہرست میں اندراج کرکے شاہراہ کو جدید شاہراہ کی شکل دی جائے۔