لاس اینجلس کے شمال میں بھی آگ بھڑک اٹھی،31 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنیکا حکم

95

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمال میں کاسٹائک لیک کے قریب جنگلات میں ایک نئی آگ لگ گئی ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق آگ کے شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں اور پہاڑوں تک پہنچ چکے ہیں، جس کی وجہ سے تقریباً 31 ہزار افراد کو علاقے سے انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔ مزید برآں 500 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔ آگ کی شدت میں اضافے کی بڑی وجہ تیز ہوائیں بھی ہیں جس کے سبب صرف 2 گھنٹے میں 5000 ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں آچکا تھا۔ لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کا عملہ آگ بجھانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی آگ پر قابو پانے کیلیے آپریشنز میں شریک ہیں۔ واضح رہے کہ 7 جنوری کو
لگنے والی آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے، آگ نے تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو خاکستر کردیا تھا اور اس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس وقت بھی فائر فائٹرز کو اس آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔