منیلا:فلپائن کے ایک شخص نے مذاق ہی مذاق میں اپنے ہونٹوں پر سپر گلو لگانے کی کوشش کی، لیکن یہ حرکت اس کے لیے اتنی خطرناک ثابت ہوئی، یہ آپ وڈیو دیکھ کر اندازہ لگا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس وڈیو کو 4.7 ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے، جس میں یہ شخص سپر گلو کی ٹیوب کیمرے کے سامنے دکھا کر اسے اپنے ہونٹوں پر لگاتا ہے اور چند ہی لمحوں کے اندر ہی اس کے ہونٹ مضبوطی سے جُڑ جاتے ہیں۔
ابتدا میں وہ اس صورتحال پر ہنستا ہے، لیکن جلد ہی گھبراہٹ میں مبتلا ہو جاتا ہے جب اسے محسوس ہوتا ہے کہ ہونٹ الگ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو رہی ہے۔
وڈیو میں اس کی بے بسی اور پریشانی واضح ہے جب کہ سانس لینے میں مشکلات اور گھبراہٹ کی وجہ سے اس کی حالت مزید خراب ہو جاتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس وڈیو پر مختلف تبصرے کیے۔ ایک صارف نے طنزیہ لکھا، ’’کم از کم اسے اپنے ہونٹ بند رکھنے کا نیا طریقہ مل گیا ہے۔‘‘ جب کہ ایک اور نے کہا، ’’یہ حرکت بہت خطرناک ہو سکتی تھی، امید ہے کہ اس نے اس سے سبق سیکھ لیا ہوگا۔‘‘
یہ واقعہ ایسے لوگوں کے لیے بہترین سبق کے مترادف ہے، جو اس طرح کی عجیب و غریب اور انوکھی حرکتیں محض وائرل ہونے کے لیے کرتے ہیں، جو بعد میں ان کے لیے مذاق سے خطرناک شکل میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔