کویت سٹی:فلسطین پر قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ان کے بیٹے کا جھگڑا ہوا، جس میں بیٹے یائر نیتن یاہو نے اپنے باپ کو زمین پر پٹخا اور خوب مارا۔
کویتی اخبار الجریدہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے بیٹے یائر نیتن یاہو کے درمیان ہاتھا پائی اور اس دوران بیٹے کے ہاتھوں باپ کا گلا گھونٹے جانے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد یائر کو فوری طور پر امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے سے پہلے پیش آیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یائر نے اپنے والد کو زمین پر گرا کر ان کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی، جس سے نیتن یاہو کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعظم کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو خود بھی اس موقع پر موجود تھیں اور ان کی چیخ و پکار سن کر سیکورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر باپ بیٹے کو الگ کیا۔
اس واقعے کے بعد یائر نیتن یاہو کو اسرائیلی سیکورٹی حکام نے وزیراعظم کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فلوریڈا (امریکا) روانہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یائر کو واپس اسرائیل میں اپنے والد کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مزید یہ کہ سارہ نیتن یاہو بھی اپنے بیٹے کی نفسیاتی حالت کے پیش نظر میامی روانہ ہو چکی ہیں اور ممکنہ طور پر وہاں ان کے علاج کے مکمل ہونے تک قیام کریں گی۔ یہ واقعہ اسرائیلی سیاست اور نیتن یاہو خاندان کے داخلی معاملات پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے۔