کندھکوٹ: ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار

39

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ضلع کے تعلیمی اداروں میں ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کشمور ستار سردار نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں ’’ووٹ کی اہمیت‘‘ پر لیکچر دیا اور پروگرام میں معزز شرکاء نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18 سال سے زائد ہو اور اس کے پاس قومی شناختی کارڈ ہو ووٹ ڈالنے کا اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین ووٹرز کی تعداد مرد ووٹرز سے کم ہے، ووٹ کی رجسٹریشن میں مکمل تعاون کریں، اپنے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کی ووٹر رجسٹریشن چیک کریں، اگر ان کا ووٹ رجسٹرڈ نہیں ہے تو اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شرکاء، طلباء کو الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری، ووٹ کی اہمیت، ووٹ کے اندراج، منتقلی اور درستگی کے بارے میں آگاہ کیا اور سیاسی عمل، نوجوانوں کے کردار اور ذمہ داری پر خصوصی زور دیا۔ الیکشن کمشنر کشمور نے اپنے لیکچر کے اختتام پر طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔