کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ماسٹر آئل لبریکینٹ کے تعاون سے جاری ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز عباسی جیمخانہ گراؤنڈ پر ناظم آباد جمخانہ بلوز سن کرکٹ کلب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ سن کرکٹ کلب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 204 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ خواجہ محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکوں 8 چھکوں کی مدد سے 100 ، عطا خان نے 37 اور رحمت خان نے 20 رنز بنائے۔ نجیب الرحمان نے 31 رنز دیکر 4، نعیم گل نے 18 رنز دیکر 3 جبکہ قادر خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں ناظم اباد جمخانہ بلوز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے۔ غنی سبحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 97 اور قادر خان نے 10 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ ینگ فائٹر گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں ینگ فائٹر گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ ینگ پاک فلیگ کرکٹ کلب نے پاک فرمان کرکٹ کلب کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔ پاک فرمان کرکٹ کلب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ سلمان خان نے 6 چوکوں کی مدد سے 63، امان خان نے 2 چوکوں کی مدد سے 54 ، دانش نے31 اور صابر نے 23 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 26 رنز دیکر 4 اور نوید طالب نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں ینگ پاک فلیگ کرکٹ کلب نے 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 206 رنز بنا لیے۔ ماجد خان نے 7 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 54، محمد وسیم نے 47 ، جمشید نے ناقابل شکست 46 اور اقرار نے 24 رنز بنائے۔ عرفان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔