ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے لبنان کے لیے 35 ٹن طبی سامان لے کر تئیسواںامدادی طیارہ لبنان پہنچ گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امدادی مہم کے تحت امارات کا طیارہ بیروت انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچا۔ سامان میں جدید آلات، اسپتالوں اور صحت مراکز سے متعلق ضروری طبی اشیا شامل ہیں۔ امداد اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات، نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان کی نگرانی اور صدارتی عدالت کے ڈپٹی چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان کی رہنمائی میں فراہم کی گئی ہے۔ امارات میں بین الاقوامی امدادی ایجنسی کے نائب چیئرمین سلطان محمد الشامسی نے کہا ہے کہ ابوظبی حکومت لبنان کے عوام کو درپیش بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔