ایک گلاس دودھ روزانہ:آنتوں کے کینسر سے بچاؤ میں مددگار

160

لندن: طبی ماہرین کی تازہ تحقیق کے نتائج میں پتا چلا ہے کہ روزانہ ایک گلاس دودھ پینے سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 17 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

برطانیہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی اور کینسر ریسرچ یوکے کے اشتراک سے کی گئی اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ دودھ میں موجود کیلشیم آنتوں کی صحت کے لیے حفاظتی اثر رکھتا ہے۔ اس تحقیق میں 16 سال سے زائد عمر کی 5 لاکھ سے زیادہ خواتین کی خوراک کا تجزیہ کیا گیا۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران کیلشیم پر مشتمل غذائیں، جیسے دودھ، پتوں والی سبزیاں اور نان ڈیری مصنوعات کو کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مؤثر پایا گیا۔ اس کے برعکس زیادہ الکوحل اور پراسیسڈ گوشت کا استعمال بھی بیماری کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ اور متعلقہ مریضوں کے لیے کام کرنے والے اداروں کے مطابق سگریٹ نوشی سے پرہیز، صحت مند وزن اور متوازن غذا آنتوں کے کینسر سے بچاؤ کے بہترین عوامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ روزمرہ خوراک میں 300 ملی گرام اضافی کیلشیم شامل کرنا بھی ایک مثبت قدم ہو سکتا ہے۔

یہ تحقیق اس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ معمولی غذائی تبدیلیاں صحت پر بڑے اثرات مرتب کر سکتی ہیں اور دودھ جیسے سادہ مشروبات آنتوں کی صحت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔