حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور سابق ایم پی اے مولانا عبدالوحید قریشی کے گھر جا کر ان کے صاحبزادوں عارف قریشی،منصور قریشی،عمر فاروق قریشی،حسین قریشی سے تعزیت کی ۔اس موقع پر ان کے ساتھ جے یو پی کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر یونس دانش،مرکزی نائب صدر ناظم علی آرائیں،ضلعی صدر حافظ غلام سرورامینی،ضلعی جنرل سیکرٹری محمد رضوان شیخ اور عبید رضا بھی تھے۔ صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ مولانا عبدالوحید قریشی حیدرآباد کے سینئر سیاست دان اورملنسار شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حیدرآباد کے شہریوں کی بلا امتیار خدمت کو اپنا شعار بنایا ،دینی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، ان کے انتقال سے حیدرآباد ایک شریف النفس اور ہر ایک سے محبت کرنے والے ساتھی سے محروم ہو گیا۔