مٹھی: ریجنل ڈائریکٹر محتسب تھرپارکر کا سول اسپتال کا دورہ

45

مٹھی (پ ر) ریجنل ڈائریکٹر (محتسب) تھرپارکر محمد عمر پھنور نے سول اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اسپتال کے مختلف وارڈز، او پی ڈی، لیبارٹری اور میڈیکل اسٹور کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حریش جگانی نے ریجنل ڈائریکٹر کو اسپتال کی انتظامی صورتحال اور مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں روزانہ تقریباً 1100 مریض او پی ڈی میں آتے ہیں، اسپتال میں 5 وارڈز ہیں جن میں اس وقت 110 مریض داخل ہیں، اسپتال میں 89 ڈاکٹر اور 157 پیرامیڈیکل اسٹاف موجود ہیں، اسپتال میں 6 ایمبولینسز آن روڈ ہیں اور 27 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جن کی مدد سے اسپتال کے تمام اُمور کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے، اس کے علاوہ اسپتال میں مریضوں کو مفت علاج اور دوائیں فراہم کی جاتی ہیں، تاہم اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے کچھ مسائل اور شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ محمد عمر پھنور نے اسپتال کی انتظامیہ کو صفائی ستھرائی، مریضوں کو بہتر علاج اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی ہدایات دیں اور تمام مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچا کر حل کرنے کا یقین دلایا۔