سرد خانے منتقلی کے دوران مردہ شخص زندہ ہو گیا

161

بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک مردہ خانے میں پوسٹ مارٹم کے دوران ایک شخص زندہ ہو گیا، جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 67 سالہ پاویتھرن جو کہ کیرالہ کے علاقے پچاپوئیکا سے تعلق رکھتے تھے، ان کے اہلِ خانہ نے ان کی آخری رسومات کے انتظامات مکمل کر لیے تھے۔ تاہم مردہ خانے میں منتقل کرنے کے دوران وہ اچانک زندہ ہو گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاویتھرن کے اہلِ خانہ نے اسپتال سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی لاش کو آبائی شہر لے جانے سے پہلے کچھ دنوں کے لیے مردہ خانے میں رکھنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب پاویتھرن کی لاش مردہ خانے منتقل کی جا رہی تھی تو اسپتال کے ایک اٹینڈنٹ نے ان کی انگلیوں میں ہلکی سی حرکت محسوس کی اور فوراً خاندان اور طبی عملے کو آگاہ کیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا۔

رپورٹ کے مطابق پاویتھرن دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کے باعث کرناٹک میں زیر علاج تھے اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ تاہم علاج کے اخراجات کے باعث ان کے اہلِ خانہ نے انہیں آبائی شہر واپس لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ  ڈاکٹرز نے ان کی حالت کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ وینٹی لیٹر کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے اور اگر وینٹی لیٹر ہٹایا گیا تو وہ 10 منٹ کے اندر موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق جب پاویتھرن کی اہلیہ اور بہن انہیں مردہ خانے لے جا رہی تھیں، تو اسپتال کے ایک اٹینڈنٹ نے اچانک ان کی انگلی میں حرکت محسوس کی۔ اس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال لے جایا گیا اور اس وقت وہ کیرالہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔