حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) شورا اتحاد کوٹری کی جانب سے مقامی نوجوانوں کو کمپنیوں میں روزگار نہ دیے جانے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر قادر بخش شورو، مجید احمد شورو، مظہر علی شورو، عظیم شورو اور شاہنواز برفت سمیت دیگر نے کہا کہ کوٹری سائٹ ایریا کے کارخانوں اور فیکٹریوں میں مقامی لوگوں کو نظر انداز کر کے روزگار نہیں دیا جا رہا، جبکہ جن لوگوں کو کولگیٹ کمپنی میں رکھا گیا تھا، انہیں بھی اب نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر دیگر صوبوں سے آنے والے افراد کو رکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد روزگار کے لیے پریشان ہیں۔ کوٹری سائٹ ایریا میں واقع کارخانوں اور فیکٹریوں میں پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی کہ کوٹری سائٹ ایریا میں واقع کولگیٹ کمپنی سمیت دیگر کارخانوں اور فیکٹریوں میں مقامی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیا جائے، دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔