برآمدات کیلئے حکومت اور نجی شعبے کا تعاون ناگزیر ہے

49

کراچی(کامرس رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان کی معاشی ترقی میں نجی شعبے کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ ملک کا ایک اہم شعبہ ہے جو بے روزگاری اور غربت کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے یہ سٹارٹ اپس اور چھوٹے کاروباروں کو سپورٹ کرکے جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتا ہے، نئی صنعتوں اور مواقع کی تخلیق کو آگے بڑھاتا ہے۔ صدر قریشی نے برآمدات کے فروغ میں نجی شعبے کی صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، کانوں اور معدنیات، فوڈ پروسیسنگ، اور آئی ٹی جیسی صنعتوں میں زرمبادلہ کی کمائی کو بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے عوامی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔نجی شعبے کی صلاحیتوں سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کیلئے آئی سی سی آئی کے صدر نے ایسی پالیسیوں پر زور دیا جو انٹرپرینیورشپ، اختراعات اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں۔