جدہ (سید مسرت خلیل) رومانیہ اور ہالینڈ کے تعاون سے بنایا گیا پاک بحریہ کے نئے آف شورپیٹرول ویسل پی این ایس یمامہ جو پاکستان نیوی کے4 آف شور جہازوں میں سے آخری جہاز ہے جو ترکیہ سے اپنے سفرکا آغاز کرتے ہوئے جدہ انٹرنیشنل اسلامی بندرگاہ پہنچا، جہاں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید اورپی این ایس یمامہ کے کمانڈنگ آفسرکپٹین عبدالرحمن (ستارہ امتیاز(ایم پی این) نے جہازکے عرشہ پرایک پْرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔ جس میں میجرجنرل احمد علی الدوبیس، کمانڈر ویسٹرن ریجن، ریئر ایڈمریل منصور بن سعود ال جیواید، کمانڈر رائل سعودی نیوی فورس کے دیگر اعلیٰ افسران سمیت پاکستانی سفارتخانہ کے ملٹری اتاشی بریگیڈئر محسن جاوید،
سفارتکاروں، او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آفتاب احمد کھوکھر، پاکستان کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔ سعودی اور پاکستان کے قومی ترانے سے تقریب کا آغاز ہوا۔ کپٹین عبدالرحمن نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کا ذکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان نیوی اور سعودی رائل نیوی مشترکہ مشقیں کرتی رہی ہیں اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس یمامہ کے دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، انہوں نے وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعلقات اور دفاع کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان نیوی کے درمیان تعاون، بھائی چارہ اور باہمی احترم کا رشتہ ہے۔ کمانڈنگ افسر عبدالرحمن نے پاک بحریہ کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں مہمانوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے یمامہ جہاز پرآمد سعودی رائل فورس کے اعلیٰ افسران اور جہاز پر موجود ہر شخص سے ملاقات کی اور پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں پاک سعودی دوستی کی خوشی کا کیک کاٹا گیا۔