جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 90 فلسطینیوں کو رہا کر دیا گیا

149

غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم  حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت اتوار کے روز پہلے تین اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

 اس کے بعد اسرائیل نے مختلف جیلوں سے 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق یہ قیدی دو بسوں کے ذریعے مغربی کنارے کے شہر بیتونیہ پہنچے ،ان قیدیوں کا مغربی کنارے میں پرجوش استقبال کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک فلسطینی طالبہ نے بتایا کہ اس نے اسرائیل کی حراست میں رہتے ہوئے انتہائی سخت حالات کا سامنا کیا، جہاں اسے خوراک اور پانی کی شدید کمی کا سامنا تھا۔

حماس نے اعلان کیا ہے کہ قیدیوں کا اگلا تبادلہ 25 جنوری کو ہوگا، جبکہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اگلے تبادلے میں غزہ سے 4 اسرائیلی یرغمالی رہا ہوں گے۔ 

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس رہائی کے باوجود اسرائیلی جیلوں میں اب بھی بڑی تعداد میں فلسطینی قیدی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کے دوران 15 ماہ کے عرصے میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 47,899 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد زخمی اور ہزاروں افراد لاپتا ہیں۔