اسلام آباد (صباح نیوز) سیکورٹی فورسز نے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ایک گروپ کی 18اور 19جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب نقل و حرکت دیکھی گئی جس پر سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنادی،5 خوارج بھی مارے گئے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر اپنی اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمے داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے روکے گی۔آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ادھرصدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکورٹی فورسز کو ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت نے ایک بیان میں دہشت گردوں کے خلاف بروقت کاروائی پر سیکورٹی فورسز کو سراہاصدر نے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف اور کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔