کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس کی لگی نمبر پلیٹ کار سے اسمگلڈ شدہ چھالیہ برآمد ہوئی ،پولیس کسٹمز کے 4اہلکاروں کو اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئی ۔ ذرائع کے مطابق گڈا پ ٹاون تھانے کی حدود میں کسٹمز کے عملے نے ایک کار کو مشتبہ سمجھ کر روکا ، جس پر سندھ پولیس کی نمبر پلیٹ لگی تھی اس کی تلاشی لی تو انکشاف ہوا کہ کار میں اسمگلڈ شدہ چھالیہ منتقل کی جارہی ہے ،کار کے ڈرائیور سے اسمگلڈ شدہ چھالیہ کے بارے میں پوچھ گچھ جاری تھی کہ پکڑے جانے والے شخص نے علاقائی پولیس کو بلالیا۔ بعد ازاں چھالیہ اسمگل کرنے والی کار اس میں سوار شخص اور کسٹمز کے عملے کے 4 اہلکاروں کوگڈاپ پولیس اپنے ہمراہ لے گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز نے چھالیہ سے بھری گاڑی پکڑی اس میں موجود سادہ لباس ڈرائیور بھی پولیس اہلکار ہے ۔اطلاع ملنے پر کسٹمز افسران بھی گڈاپ تھانے پہنچ گئے،علاقائی پولیس اور کسٹمز حکام میں تلخ کلامی ہوئی۔کسٹم حکام سے رابطہ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کر لیا گیا ، کسٹم کے چار سے پانچ اہلکاروں کو زبردستی اٹھا کر تھانے لے جایا گیا ہے ،کسٹمز افسران تھانے جارہے ہیں ،پولیس بھی ہماری سسٹر ایجنسی ہے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔