حیدرآباد(اسپورٹس ڈیسک) آل سندھ حیات ہائی اسپیڈ کرکٹ لیگ میںمزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا ۔پہلے میچ میں شاکاکلب نے فرینڈز کلب کوسات وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں میر فتح نے شاکا قلندرز کوآٹھ رنز سے ہرا دیا ،سندھ ایگری کلچرل یونیورسٹی ٹنڈو جام گراؤنڈ پر جاری لیگ میں گزشتہ روز مزید دو میچز کھیلے گئے،پہلے میچ میں فرینڈز کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر123رنز اسکور کئے ،حسن علی نے53،فہد نے24اور الیان نے11رنز بنائے ۔شاکا کلب کی جانب سے نعمان نے21رنز دے کر تین جبکہ ظہور اور ولید نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ،جواب میں شاکا کلب نے تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا ۔نعمان نے38گیندوں پر 53 اور وہاب نے35گیندوں پر52رنز اسکور کئے ۔ حامد ،آلیان اور محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ سائٹ اسٹیڈیم کوٹری پردوسرے میچ میں میر فتح کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے 6وکٹوں پر196رنز اسکور کیے ،میثم شیخ نے 4چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے41،رافع صدیقی نے36اور اکبر خان نے24رنز بنائے ۔وقار جتوئی نے دو جبکہ ولید خان ،ابو بکر ،نعمان خان اور ظہور الہٰی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں شاکا قلندرز کی ٹیم آٹھ وکٹوں پر188رنز بنا سکی اس کی جانب سے نعمان بلوچ نے42،وقار جتوئی نے41اور عبید راہپوٹو نے37رنز اسکور کیے ۔فاتح ٹیم کی جانب سے حسن شاہ اور سکندر سومرو نے دو دو جبکہ رحمان ،ناصر خان اور عابد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔آرگنائزنگ سیکریٹری سید محمد ندیم کے مطابق سندھ کی اس منفرد آل سندھ حیات ہائی اسپیڈ کرکٹ لیگ میں سندھ کی معروف آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جبکہ اس لیگ کے لئے محکمہ کھیل حکومت سندھ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر امان اکبر اور سابق فرسٹ کلاس کرکٹرعدنان تاج کا بھی تعاون شامل ہے۔