لائنز ایریا میں گھر کا صفایا، چور زیورات، لاکھوں روپے لے اڑے

145

 لائنز ایریا میں چور بند مکان سے 70 لاکھ روپے سے زائد کے طلائی زیوارت اور نقد رقم  لیکر فرار ہوگئے، واردات کے وقت اہلخانہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔

لائنز ایریا ٹونیشیا لائن سابقہ میکرو سپر اسٹور کے عقب والی گلی واٹر گراؤنڈ کے سامنے والے مکان سے چور 70 لاکھ روپے سے زائد کے طلائی زیورات اور نقد رقم لیکر رفو چکر ہوگئے۔

مالک مکان شجاع الدین کے بیٹے سلمان نے بتایا کہ ان کے گھر کے قریب رہائش پذیر کزن کی شادی کی تقریب تھی، جس میں شرکت کے لیے رات تقریباً 10 بجے تمام اہلخانہ گھر کو لاک کرکے گئے تھے، رات ڈیڑھ بجے جب شادی کی تقریب سے واپس آئے تو گھر اور اندر موجود تمام الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے، اشیا کو دیکھنے پر معلوم ہوا کہ الماریوں کی تجوری میں رکھے طلائی زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا غائب تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً 16 تولے کے زیورات، 32 لاکھ روپے نقدی اور دیگر سامان گھر سے غائب ہے جبکہ اشیا کا مزید  جائزہ لینے پرمعلوم ہوگا کہ کیا کیا سامان چوری ہوا ہے۔

گھر کے مالک کے بیٹے نے بتایا کہ رقم اور طلائی زیورات بینک کے لاکرز میں رکھے ہوئے تھے،تاہم انہوں نے گھر خریدنے کے لیے رکھی رقم اور طلائی زیورات لاکرز سے نکالے تھے، دو تین روز میں نئے گھر کے پیسوں کی ادائیگی کرنی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی باضابطہ رپورٹ درج نہیں کروائی گئی، رپورٹ کا اندراج کرانے پر ایف آئی آر درج کر کے واقعے کی تفتیش کی جائے گی۔