غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 87 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد سے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں پر صیہونی فوج کی جانب سے کی گئی بم باری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 87 فلسطینی شہید اور 230 زخمی ہوگئے جبکہ نصیرت کیمپ اور رفح میں معدد عمارتیں تباہ کردی گئیں ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کے دیر البلاح میں جنگ بندی معاہدے کے بعد سے شہید ہونے والوں میں 21 بچے اور 25 خواتین شامل ہیں
7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 46 ہزار 788 تک پہنچ گئی ہے، جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہیں۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث زخمیوں کی تعداد 110453 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کو قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا تھا۔