گرین ٹری ہولڈنگز کی ٹی آر جی 35 فیصد حصص کی پیشکش

74

کراچی(بزنس رپورٹر)گرین ٹری ہولڈنگز لمیٹڈ نے ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ میں 35.147 فیصد شیئر ہولڈنگ خریدنے کے لیے عوامی پیشکش کا اعلان کیا ہے جو 191,690,015 عام شیئرز پر مشتمل ہے اور اس کی قیمت 14.4 ارب روپے ہے۔گرینٹری ہولڈنگز اس پیشکش کو 75 روپے فی شیئر کی قیمت پر پیش کررہی ہے، جو ٹی آرجی پاکستان کی آخری کلوزنگ قیمت سے 14 فیصد زیادہ اور کم از کم قیمت سے 25 فیصد کا پریمیم ہے۔یہ پیشرفت اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ ایک نوٹس میں بتائی گئی بیان میں کہا گیا کہ گرین ٹری ہولڈنگز لمیٹڈ کی جانب سے اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ آفر کے منیجر کی حیثیت سے ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 191,690,015 عام شیئرز خریدنے کے لیے عوامی اعلان کی ایک کاپی پیش کررہا ہے، جو ہدف کمپنی کے 35.147 فیصد شیئر ہولڈنگ کی نمائندگی کرتے ہیں، جیسا کہ سیکیورٹیز ایکٹ 2017 اور لسٹڈ کمپنیاں (ووٹنگ شیئرز کی بڑی خریداری اور ٹیک اوورز) ریگولیشنز 2017 میں طے کیا گیا ہے۔عوامی اعلان کے مطابق حاصل کنندہ اس عوامی پیشکش کے ذریعے پاکستان میں 52 ملین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جو ٹی آر جی پاکستان کے شیئر ہولڈرز کو اضافی لیکویڈیٹی فراہم کرے گی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ مجوزہ حصول کے بعد بھی ایک لسٹڈ کمپنی کے طور پر کام کرتا رہے گا اور عام کورس میں اپنے کاروباری آپریشنز اور سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔