لاہو ر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے، حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈے سے ملک کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے، وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند سال میں ترقی کر جائے گا، صرف آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے آئی ٹی ایکسپورٹ موجودہ 3.2
ارب ڈالر سالانہ سے10 ارب ڈالر سالانہ ہو جائے گی، حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں، 77 برس سے مافیا ملک پر مسلط ہے،1994ء سے تمام حکومتیں آئی پی پیز کو نواز رہی ہیں، چند آئی پی پیز مالکان کو کپیسٹی چارجز کی مد میں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ قرار دے کر سالانہ3 ہزار ارب تک دیے جا رہے ہیں، حکمران اشرافیہ سے وسائل چھین کر عوام کو ان کا وارث بنائیں گے، کل مہنگی بجلی اور آئی پی پیزکے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوں گے، نوجوان الخدمت بنو قابل پروگرام کے ایمبیسڈر بنیں،23 فروری کو لاہور میں مفت آئی ٹی کورسز کے دوسرے فیز کا آغاز ہو گا، چاہتے ہیں آئندہ 2 سال میں پنجاب میں10لاکھ بچوں کو کمپیوٹر کورسز کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں الخدمت پاکستان کے زیراہتمام ’’بنوقابل‘‘ پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام سبحانی، صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد رشید، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن بنو قابل عمیر ادریس اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنو قابل سلمان شیخ بھی موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی یکساں نظام اور یکساں نصاب کی بات کرتی ہے، حکومتوں کی ذمے ذاری ہے کہ عوام کے لیے معیاری اور مفت تعلیم کا بندوبست کریں، حکومت عوام کو سہولت دیتی ہے تو یہ احسان نہیں، ان کا حق ہے، عوام کو خیرات نہیں ان کا حق چاہیے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں میں ان کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنی ہے، اس کے لیے ملک کے طول و عرض میں جدوجہد جاری ہے، اس جدوجہد کے ساتھ ہمارا یہ بھی فیصلہ ہے کہ اپنے تئیں بہتری کے لیے کوششیں بھی کریں گے، انہی کوششوں میں سے ایک بنو قابل پروگرام ہے، اس پروگرام کا آغاز کراچی سے کیا اور شہر میں50 سے زائد کیمپسز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے، کراچی کے بعد یہ سلسلہ چاروں صوبوں میں شروع کر دیا گیا ہے، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بھی جا رہے ہیں، کے پی اور پنجاب بھر میں بھی بلاتفریق بچوں کو مفت کورسز کروانے کا سلسلہ شروع کردیا۔ ملک میں80 فیصد یعنی 20 کروڑ افراد 40 سال کی عمر تک کے ہیں، پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، انہیں مایوس نہیں ہونے دیں گے، ملک کا مستقبل سنواریں گے۔ دریں اثنا الخدمت فاؤنڈیشن بنو قابل پروگرام کے سیشن2024ء کی گریجویشن سرمنی کا انعقاد کیا گیا۔ آئی ٹی سمیت دیگر جدید کورسز مکمل کرنے والے ہزاروں طلبہ کے لیے ایکسپو سینٹر لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن تھے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے، کورسز کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیے گئے۔