کراچی سے وسطی ایشیا کے لیے پہلا تجارتی قافلہ روانہ

134

کراچی: نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان شراکت داری کے تحت پہلا تجارتی قافلہ کراچی سے وسطی ایشیا کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی کے ذریعے تجارتی سامان سے بھرے کنٹینرز کا یہ قافلہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے روانہ ہوا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او، سلطان احمد بن سولیم نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔

سلطان احمد بن سولیم نے اس اقدام کو خطے میں تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے کا نیا دور قرار دیا اور کہا کہ دونوں اداروں کی شراکت داری سے پاکستان کی اقتصادی سرگرمیاں مزید تیز ہوں گی، کاروبار میں آسانی آئے گی اور ترسیل کی لاگت اور وقت میں کمی آئے گی۔

این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور پاکستانی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سروس پاکستان کی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی اور خطے میں تجارت کی بڑھوتری کو یقینی بنائے گی۔