پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آئندہ چند دنوں میں امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ واشنگٹن میں ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے علاوہ دیگر اہم تقاریب میں بھی شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو کو یہ دعوت ذاتی حیثیت میں دی گئی ہے، اور وہ ری پبلیکن پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی حلف برداری 20 جنوری 2024 کو متوقع ہے، جس میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ اس موقع پر عالمی سطح پر اہم سیاسی تقاریر، ملاقاتیں اور مذاکرات بھی متوقع ہیں، جو عالمی سیاست میں اہم تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو کی اس تقریب میں شرکت پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس سے پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط کی نوعیت اور مستقبل کے سیاسی معاملات میں مزید وضاحت ملے گی۔