موجودہ پروگرام آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا: وزیرِ خزانہ

106
promote green technology

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کا آخری پروگرام ہوگا۔

غیر ملکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کے بعد پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے اور اقتصادی اصلاحات کی بدولت مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے تیار ہے اور جلد ہی پاکستان اپنی یوان بانڈ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گا۔

محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ہانگ کانگ میں کارپوریٹ اسٹاک لسٹنگز کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور رواں مالی سال کے اختتام تک پانڈا بانڈ کا آغاز متوقع ہے۔

وزیرِ خزانہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاک چین مشترکہ منصوبے کی ہانگ کانگ میں لسٹنگ کی توقع ہے اور سی پیک دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کے لیے سیکیورٹی کے اقدامات مسلسل جاری ہیں، اور میڈیا میں جو صورتحال دکھائی جا رہی ہے، زمینی حقیقت اس سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔